نعت رسول ﷺپرضیا پرنور ہے حسن و جمال مصطفیٰ
از: محمد نثار نظامی
پرضیا ،پرنور ہے حسن و جمال مصطفیٰ
کوئی لاسکتا نہیں ہرگز مثال مصطفی
ان کے اوصاف و خصائل بےنظیروبےمثیل
کیسے ہوپاے بیاں شان و کمال مصطفیٰ
دہن آقاے معظم سے ٹپکتے نور ہیں
حکمتوں سے ہیں لبالب قیل وقال مصطفیٰ
شہرمدحت کے درودیوار ہوں گے ضوفشاں
رحل دل پر ہے مرے کتب جمال مصطفیٰ
گلشن سرکار کی ہے ہر کلی خوشبو نواز
حشرتک شاداں رہیں اسباط و آل مصطفیٰ
ان کی سیرت دیکھ کر اغیار تائب ہوگیے
کس قدر عمدہ انوکھا ہے خصال مصطفیٰ
مہرتاباں،بدرکامل ،نیر ارض و سما
حیطۂ الفاظ سے باہر جمال مصطفیٰ
ان کے انداز تکلم کی کروں توصیف کیا
شہدخالص سے بھی شیریں ہے مقال مصطفیٰ
میری قسمت پر کریں گے رشک شاہان جہاں
سر پہ رکھنے کو جو مل جائے نعال مصطفیٰ
اے نظامی ہوگیا میرا تخیل باوضو
جس گھڑی آیا تصور میں خیال مصطفیٰ