سیرتِ سرکار کی خوشبو بکھیر
محمد حسین مشاہد رضوی
اے قلم اظہار کی خوشبو بکھیر
نعتیہ اشعار کی خوشبو بکھیر
عام کر پیغامِ عشقِ مصطفیٰ
ہر نَفَس تو پیار کی خوشبو بکھیر
ہے فلاح و فوز کا ضامن یہی
سیرتِ سرکار کی خوشبو بکھیر
نکہتوں کے ساتھ پھیلے روشنی
مہبطِ انوار کی خوشبو بکھیر
دشتِ جاں ہوجائے گا رشکِ چمن
گیسوے خمدار کی خوشبو بکھیر
دل معطر کر خیالِ سبز سے
ذرۂ پیزار کی خوشبو بکھیر
اے مشاہد روز و شب بہرِ ثنا
مشکبو افکار کی خوشبو بکھیر
عرض نمودہ :
محمد حسین مشاہد رضوی
31 جنوری 2022ء بروز پیر