علم دین کی اہمیت
از قلم: عادل رضا مصباحی
یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ عقل و خرد کی آنکھ اس وقت تک نہیں دیکھ سکتی جب تک علم کی روشنی نہ ہو، اگر علم کا چراغ بجھ جائے تو انسانی سوچ کو اوہام و خرافات اپنی گرفت میں لے لیا کرتے ہیں اور پھر اس سے ایسے اعمال سرزد ہوتے جن سے شیطان کی پیشانی بھی فرط ندامت سے عرق آلود ہو جاتی ہے اور اس کی وہ qualities جن سے اس کے مالک نے اسے سرفراز فرمایا ہے یوں ہی بیکار پڑی رہ جاتی ہیں…
خدائے تعالیٰ نے اپنے محبوب رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ و سلم پر جو سب سے پہلے آیت نازل فرمائ اس میں نہ تو منہیات کا ذکر فرمایا اور نہ ان اخلاقی اصول و ضوابط کا ذکر کیا جن پر اسلامی معاشرے کا محل عظیم تعمیر ہوتا ہے بلکہ "اقرأ "کا حکم دے کرعلم و عرفان کے انمول خزانوں کی کنجی انسان کے ہاتھ میں عطا فرمادی….
بلکہ اس کائنات میں انسان نے اپنا وجود علم ہی کی بنیاد پر پایا آپ دیکھیں کہ جب خدائے واحد نے آدم کو اس کائنات میں اپنا خلیفہ بنا کر بھیجنے کا ارادہ ظاہر فرمایا تو نوری فرشتوں نے اپنی تسبیح و تقدیس کی بنا پر عرض کی کہ مولی یہ شرف تو ہمیں عطا ہونا چاہیے…تو اس وقت آدم علیہ السلام کی کسی خصوصیت کا ذکر نہ کیا گیا بلکہ صرف آپ کے علم کے سبب آپ کو خلیفۃ اللہ کے لقب سے سرفراز کیا گیا…
یہ علم انسان کا طرہ امتیاز ہے اگر انسان علم سے نابلد ہے تو در حقیقت خود کو بنی آدم کہلانے کا مستحق نہیں اگر ہم اپنی اسلامی تاریخ کا مطالعہ کریں تو معلوم ہوگا کہ ہمارے اسلاف نے علم کی خاطر کیسی کیسی مشقتیں برداشت کیں لیکن طلب علم سے ذرہ برابر گریز نہ کیا…
مگر آج ہم مسلمان میدان علم میں بہت پیچھے ہو چکے ہیں لہذا ہم پر فرض ہے کہ ہم اس deadlock کو توڑیں اور اپنے نشطر تحقیق سے حکمت و دانش کی دنیا میں باطل نظریات کے اندھیروں کا سینہ چیر دیں اور عالم انسانیت کی اس شب دیجور کو اپنی محنت شاقہ سے سحر آشنا کر دیں…
خدا تجھے کسی طوفاں سے آشنا کر دے
کہ تیرے بحر کی موجوں میں اضطراب نہیں
تجھے کتاب سے ممکن نہیں فراغ کہ تُو
کتاب خواں ہے مگر صاحبِ کتاب نہیں
از قلم: عادل رضا مصباحی
بارہ بنکوی