برصغیر کے سنی علما کی ترتیب کردہ چودہ مشہور کتب حدیث
از: محمد سلیم انصاری ادروی
برصغیر میں حدیث سے متعلق وسیع پیمانے پر تدریسی اور تحریری کام کا آغاز دسویں صدی ہجری کی آخری دہائیوں سے شروع ہوا اور اب تک جاری وساری ہے۔ برصغیر کے سنی علما ومحدثین نے جہاں ایک طرف کتب حدیث کے تراجم کیے، شروحات لکھیں، کتب حدیث پر حواشی اور تعلیقات وغیرہ چڑھائے، وہیں دوسری طرف مستقل کتب حدیث بھی مرتب کیں۔ اختصار کے پیش نظر یہاں برصغیر کے سنی علما ومحدثین کی ترتیب کردہ غیر مطبوعہ اور غیر معروف کتب حدیث کو چھوڑ کر صرف چوده مشہور کتب حدیث کا تعارف کرا رہا ہوں۔
کنز العمال: یہ کتاب علم حدیث میں شیخ علی متقی برہان پوری علیہ الرحمہ کا مہتم بالشان کارنامہ ہے، جو امام جلال الدین سیوطی شافعی علیہ الرحمہ کی کتاب جامع الجوامع کی ترتیب وتنقیح ہے، شیخ علی متقی نے جامع الجوامع اور جامع صغیر سے احادیث اخذ کیں، بیش بہا فوائد شامل کیے، نیز احادیث کا اضافہ بھی کیا۔ شیخ علی متقی نے کنز العمال اس طور پر مرتب فرمائی کہ طالبین حدیث جس موضوع یا جس مسئلہ سے متعلق حدیث دیکھنا چاہیں کسی دقت ودشواری کے بغیر دیکھ لیں اور متعلقہ فوائد سے بہرہ یاب ہو سکیں۔ شیخ علی متقی نے کنز العمال کو فقہی ابواب کے مطابق جامع الاصول (ابن اثیر) کے انداز پر بڑی خوش اسلوبی سے مرتب کرکے احادیث نبوی کا دائرة المعارف بنا دیا۔ (محدثین عظام کی حیات وخدمات/ص: ٦١۵)
فتح المنان: اس کے مرتب شیخ عبد الحق محدث دہلوی علیہ الرحمہ ہیں۔ غالبا ہندوستان میں سب سے پہلے شیخ عبد الحق محدث دہلوی علیہ الرحمہ نے مذہب حنفی کی تائید میں یہ (فتح المنان فی تایید مذھب النعمان) مجموعۂ احادیث مرتب کیا۔ "تائید مذہب حنفی” کے نام سے مولانا محمد محی الدین زید مجدہ نے اس کا اردو ترجمہ کیا ہے۔
عقود الجواھر المنیفة فی ادلة مذهب الامام ابی حنیفة: علامہ سید محمد مرتضیٰ زبیدی بلگرامی علیہ الرحمہ نے بھی مذہب حنفی کی تائید میں ایک مجموعۂ احادیث "عقود الجواھر المنیفة فی ادلة مذهب الامام ابی حنیفة” تصنیف فرمایا۔ اس کا جدید ایڈیشن جامعہ اشرفیہ مبارک پور کے درجۂ فضیلت کے طلبا نے شائع کروایا۔
آثار السنن: علامہ ظہیر احسن شوق نیموی محدث بہاری علیہ الرحمہ نے بھی "آثار السنن” کے نام سے مذہب حنفی کی تائید میں ٣١١ صفحات پر مشتمل احادیث کا مجموعہ مرتب کیا، علامہ نیموی اسے پایہ تکمیل تک پہنچانے سے قبل ہی وصال فرما گئے۔ یہ مجموعہ مکمل نہ ہونے کے باوجود بھی احناف کے یہاں بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا۔ علامہ عبد المصطفیٰ محمد مجاہد القادری حفظہ اللہ نے "انوار السنن” کے نام سے اس کا اردو ترجمہ کیا اور شرح لکھی، جب کہ "شرح آثار سنن” کے نام سے علامہ لیاقت علی رضوی حفظہ اللہ نے اس کی شرح لکھی، اس شرح میں آثار السنن کا اردو ترجمہ اور تخریج کا کام حافظ محمد افضال نقش بندی حفظہ اللہ نے کیا۔
جامع الاحادیث: یہ امام احمد رضا محدث بریلوی علیہ الرحمہ کی تقریبا تین سو تصانیف سے ماخوذ چار ہزار پانچ سو (۴۵٠٠) احادیث وآثار ٦٠٠ سو مباحث تفسیریہ اور گیارہ سو ١١٠٠ سو افادات رضویہ پر مشتمل علوم و معارف کا گنجینہ ہے، جو کہ دس مجلدات میں جہازی سائز کے تقریبا ٦٠٠٠ ہزار صفحات پر مشتمل ہے۔
امجد الاحادیث: مفتی محمد ابو الحسن قادری حفظہ اللہ نے مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ کی مشہور ومعروف کتاب "بہار شریعت” سے احادیث اخذ کرکے دو جلدوں میں "امجد الاحادیث” کے نام سے ایک مجموعۂ احادیث تالیف کیا۔ جو ١٢٢٨ صفحات پر مشتمل ہے۔
جامع الرضوی المعروف بصحیح البهاری: یہ عظیم مجموعۂ احادیث جسے علامہ ظفر الدین محدث بہاری علیہ الرحمہ نے چھ ضخیم جلدوں پر مشتمل تالیف کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ ہر جلد ایک ہزار صفحات پر مرتب کرنے کا خیال تھا۔ سب سے پہلے جلد دوم جو طہارت وصلوة کی احادیث پر مشتمل ہے، آسانی کے لیے چار حصوں میں شائع کی گئی۔ جن کے مجموعی صفحات ٩٦٠ ہیں اور ان میں احادیث کی مجموعی تعداد ٩٢٨٧ ہے۔ پہلی جلد کا مقدمہ اصول حدیث کے مباحث پر مشتمل ہے، جس میں مفید قیمتی علمی معلومات جمع کی گئی ہیں۔ صحیح البہاری کی تمام مجلدات شائع ہو جاتیں تو یہ احادیث نبوی کا بڑا ہی حسین مجموعہ ہوتا۔ ویسے اس کتاب کا اردو اور بنگلہ زبان میں ترجمہ بھی ہو چکا ہے۔ (محدثین عظام کی حیات وخدمات/ص: ٧١١)
زجاجة المصابیح: علامہ سید عبد اللہ نقش بندی محدث حیدر آبادی علیہ الرحمہ نے شافعی المذہب مؤلف کی مرتب کردہ کتاب مشکوة المصابیح کے طرز پر حنفی المذہب کی تائید میں احادیث کا ایک عظیم مجموعہ بنام "زجاجة المصابیح” ترتیب دیا، جو ۵ جلدوں میں شائع ہوتا ہے۔ اس کتاب کو "حنفی مشکوة المصابیح” بھی کہا جاتا ہے۔ زجاجة المصابیح کا اردو ترجمه "نور المصابیح” کے نام سے شائع ہوا ہے۔
انوار الحدیث: اس کتاب میں مفتی جلال الدین امجدی علیہ الرحمہ نے ١١٣ عنوانات پر ۵۵۴ احادیث کا انتخاب کیا ہے۔ یہ کتاب خصوصا عوام کے لیے لکھی گئی ہے، اس لیے عوام میں درس حدیث دینے کے لیے یہ کتاب بڑی مفید ہے۔
ضیاء الحدیث: یہ علامہ سید تراب الحق قادری علیہ الرحمہ کے تقریری افادات کا مجموعہ ہے، جسے محمد آصف قادری حفظہ اللہ نے مرتب کیا ہے۔ اس مجموعے میں تقریبا ٦٠٠ احادیث کریمہ موجود ہیں۔ جو چھ ابواب [ایمانیات (٩٩ احادیث)، عبادات (١٠١ احادیث)، معاملات (١٠٠ احادیث)، مہلکات (١٠٠ احادیث)، منجیات (١١۵ احادیث) اور جامع احادیث (٨۵ احادیث)] میں تقسیم ہے۔ اس کتاب کی آخری ٢۵ احادیث کریمہ نبی کریم ﷺ کے ایمان افروز اور روح پرور دعاؤں کا گل دستہ ہے۔ (ضیاء الحدیث/ص: ١٧)
تعلیمات نبویہ: تعلیمات نبویہ مفتی محمد امین نقش بندی علیہ الرحمہ کے افادات کا مجموعہ ہے، جسے مفتی محمد کریم سلطانی حفظہ اللہ نے ۵ جلدوں میں مرتب کیا ہے۔
ضیاء الحدیث: چھ جلدوں پر مشتمل یہ کتاب مفتی محمد کریم سلطانی حفظہ اللہ نے مرتب فرمائی۔ اس مجموعے میں بے شمار عناوین کے تحت انگنت احادیث کریمہ یکجا کر دی گئی ہیں۔ اس کتاب میں تقریبا تمام احادیث کو بہ حوالہ نقل کیا گیا ہے، اور پھر اس کا اردو ترجمہ کر دیا گیا ہے۔
المستند: اس کے مؤلف علامہ غلام رسول قاسمی نقش بندی حفظہ اللہ ہیں۔ آپ نے اپنی اس کتاب میں عقائد اہل سنت اور مذہب حنفی کی تائید اور فرقہ ہائے باطلہ کی تردید میں صحیح اور مشہور ١٨٧٠ احادیث کا ذکر کیا ہے۔ نیز ترجمہ وتخریج کے ساتھ ساتھ بعض مقامات کی مختصر تشریح بھی کر دی ہے۔ شرح میں جدید فقہی مسائل اختصار کے ساتھ بیان کیے ہیں۔ اس کے علاوہ جدید مغربی علم الکلام، مستشرقین بمع منکرین حدیث وغامدییں وغیرہ، ادیان باطلہ، منکرین ختم نبوت، رد روافض، خوارج، تفضیلیہ اور جدید ظہور کردہ روافض کی منفرد طریقے سے تردید کی ہے۔
تجرید صحاح ستہ: یہ احادیث صحاح ستہ کی تلخیص اور اس کا اردو ترجمہ ہے۔ ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان، مولانا محمد بلال طارق، حافظ محمد عبد الستار، مولانا محمد افضل نعیمی اور مولانا محمد عثمان حفظہم اللہ اس کے مؤلفین ومترجمین ہیں۔
برصغیر کے سنی علما کی ترتیب کردہ چودہ مشہور کتب حدیث
از: محمد سلیم انصاری ادروی