محدث سورتی پر اک نظر
از: محمد سلیم انصاری ادروی
شیخ المحدثین مولانا وصی احمد محدث سورتی علیہ الرحمه (متوفیٰ: ١٣٣۴ھ/١٩١٦ء) کی ولادت سنہ ١٢۵٣ھ/ سنہ ١٨٣٦ء کو راندیر ضلع سورت (گجرات) میں ہوئی۔ استاذ الاساتذہ مفتی لطف الله علی گڑھی (مدرسہ فیض عام کان پور) اور محدث کبیر علامہ احمد علی محدث سہارن پوری (مدرسہ مظاہر علوم سہارن پور) علیہما الرحمه وغیرہ سے آپ نے تعلیم حاصل کی اور شیخ المشائخ مولانا فضل رحمن گنج مرادآبادی علیہ الرحمه سے بیعت ہوئے۔ محدث سورتی امام اہل سنت امام احمد رضا محدث بریلوی علیہ الرحمه کے خاص رفقا میں سے ایک تھے اور اپنی مجالس میں اپنے پیر و مرشد سے زیادہ محدث بریلوی کا تذکرہ کیا کرتے تھے۔ یہ بھی ایک حسین اتفاق ہے کہ محدث سورتی کے زیادہ تر مشہور و معروف تلامذہ محدث بریلوی کے خلفا ہیں۔
● محدث سورتی وہ تھے جنہوں مدرسة الحدیث پیلی بھیت (اتر پردیش، ہند) قائم کیا اور وہیں تقریبا ۴٠ سال تک درس حدیث دیتے رہے اور علما و فقہا، مفسرین و محدثین کی ایک بڑی جماعت پیدا کی۔
● محدث سورتی وہ تھے جن سے برصغیر کے اکثر علماے اہل سنت کا سلسلۂ تلمذ جا ملتا ہے۔
● محدث سورتی وہ تھے جنہوں نے محشئ طحاوی صدر الشریعہ مفتی امجد علی انصاری اعظمی علیہ الرحمه (مصنف: بہار شریعت) جیسا استاذ الاساذہ، شیخ المحدثین اور فقیہ اعظم پیدا کیا۔
● محدث سورتی وہ تھے جنہوں نے محدث اعظم ہند علامہ سید محمد محدث کچھوچھوی علیہ الرحمه (مصنف: تفسیر اشرفی) جیسا مترجم قرآن و مفسر قرآن، محدث، مدرس، مناظر، مقرر، مصنف اور شاعر پیدا کیا۔
● محدث سورتی وہ تھے جنہوں نے علی گڑھ مسلم یونیور سٹی کے شعبۂ دینیات کو پہلا پروفیسر، پروفیسر علامہ سید سلیمان اشرف بہاری علیہ الرحمه (مصنف: النور) دیا۔
● محدث سورتی وہ تھے جنہوں نے قطب مدینه علامہ ضیاء الدین مہاجر مدنی علیہ الرحمه جیسا شیخ طریقت پیدا کیا۔
● محدث سورتی وہ تھے جنہوں نے ملک العلماء علامہ سید ظفر الدین محدث بہاری علیہ الرحمه (مصنف: صحیح البہاری) جیسا عظیم المرتب مدرس، محدث اور مصنف پیدا کیا۔
● محدث سورتی وہ تھے جنہوں نے مولانا عبد الاحد محدث پیلی بھیتی علیہ الرحمه جیسا فرزند و جانشین پیدا کیا جنہوں نے اپنے والد کے بعد مدرسة الحدیث کی مسند دارالحدیث کو رونق بخشی۔
● محدث سورتی وہ تھے جنہوں نے جامعہ منظر اسلام بریلی شریف اور جامعہ مظہر اسلام بریلی شریف کو مولانا عبد العزیز خاں محدث بجنوری ثم بریلوی علیہ الرحمه جیسا مدرس دیا۔
● محدث سورتی وہ تھے جنہوں نے مولانا سید خادم حسین محدث علی پوری، مولانا عبد الحق محدث پیلی بھیتی، مولانا مشتاق احمد کان پوری، مولانا نثار احمد کان پوری، مولانا ضیاء الدین پیلی بھیتی اور مفتی عبد القادر لاہوری علیہم الرحمه وغیرہ جیسے علما و محدثین پیدا کیے۔
● محدث سورتی وہ تھے جنہوں نے برصغیر میں غالبا سب سے پہلے شرح معانی الآثار المعروف به طحاوی شریف پر تحریری کام کیا۔
● محدث سورتی وہ تھے جنہوں نے حاشیہ مدارک، حاشیہ بیضاوی، حاشیہ جلالین، تعلیقات سنن نسائی، تعلیقات شرح معانی الآثار، تعلیقات شروح اربعہ ترمذی، شرح مشکوة المصابیح، افادات حصن حصین، التعلیق المجلی لمافی منیة المصلی جیسی مایہ ناز کتابیں تصنیف فرمائیں۔
الغرض! محدث سورتی وہ تھے جنہوں نے اپنے استاذ محدث سہارن پوری کے شاگرد و جانشین ہونے کا حق ادا کیا اور محدث سورتی کے تلامذہ نے محدث سورتی کے شاگرد ہونے کا۔