حضور تاج الشریعہ کی حق گوئی و بےباکی
ازقلم:- محمد فیضان رضا علیمی
امام اہل سنّت امام احمد رضاخان قادری قدس سرہ کی ذات مبارکہ جیسے اہلسنّت کے لیے ایک عظیم سرمایہ کی حیثیت رکھتی ہے ویسے ہی آپ کےشہزادہ گان لائق فخر اور باعث وقار اہل سنّت ہیں اور انشاءاللہ کل قیامت تک رہیںگے۔ حق گوئی اور بے باکی آپ کے گھرانے کا خاصہ رہا ہے دنیائے اسلام میں آپ کے خاندان کے افراد نے جو اثر و رسوخ قائم کیے ہیں وہ اپنی مثال آپ ہے۔ آپ ہی کے گھرانے کے ایک چشم و چراغ حضور تاج الشریعہ، قدرةالسالکین، زبدةالعارفین، سراجالصالحین ، عمدةالمحققین، سیدالمفسرین، جیدالعلماء، حضرت علامہ مفتی محمد اختر رضا خان قادری علیہ الرحمہ ہے جن کی ذات ستودہ صفات ہر کمال و خوبی کی جامع تھی،
آپ اخلاق نبوی کے مظہر، خلوص کے پیکر، ملنسار، منکسرالمزاج اور صدق و صداقت کےنیرتاباں تھے۔ آپ کی حق گوئی اور بے باکی کا ایک زمانہ معترف ہے اور ہوں کیوں نہ کہ آپ نے اپنی پوری زندگی حق و صداقت اور دین حق کی نشر و اشاعت میں گزار دی۔ آپ نے کبھی حق و صداقت کا دامن ہاتھ سے نہیں جانے دیا۔ آپ کی حق گوئی اور سچائی کا اعتراف کرتے ہوئے حضرت علامہ ڈاکٹر عاصم اعظمی صاحب قبلہ شیخ الحدیث شمس العلوم گھوسی اپنی کتاب "پنج گنج ولایت” میں لکھتےہیں ٫٫تاج الشریعہ ایک مضبوط دل، خوف خدا سے سرشار نفس رکھتے تھے،
بزرگوں اور اسلاف کے نقش قدم پر چلتے تھے، اللہ رب العزت نے حضرت کو جن گونا گوں صفات سے متصف کیا تھا ان صفات میں ایک حق گوئی اور بے باکی بھی ہے ۔ آپ نے کبھی صداقت و حقانیت کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا، چاہے کتنے ہی مصلحت کے تقاضے کیوں نہ ہوں، چاہے کتنے ہی قید و بند، مصائب و آلام اور ہاتھوں میں ہتھکڑیاں پہننا پڑیں، کبھی کسی کو خوش کرنے کے لیے اس کی منشا کے مطابق فتوی نہیں تحریر کیا۔جب کبھی فتوی تحریر کیا تو اپنے اسلاف، آباؤاجداد کے قدم بہ قدم تحریر کیا۔ جس طرح جدِامجد امام اہل سنّت سیدی سرکار اعلی حضرت علیہ الرحمہ اور حضور مفتی اعظم ہند نے بےخوف و خطر فتاوے تحریر فرمائے اسی طرح اپنے آباؤاجداد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے حضرت نظر آتے ہیں۔
اس حق گوئی کے شواہد آج آپ کے ہزاروں فتاوی اور واقعات ہیں جو ملک اور بیرون ممالک میں پھیلے ہوئے ہیں،، مرشدگرامی نوراللہ مرقدہ حق بات بیان کرنے میں خلوت و جلوت کا فرق نہیں کرتے اورنہ یہ دیکھتے کہ بھرا ہوا مجمع ہے لوگ کیا کہیں گے جب اصلاح کی ضرورت ہوتی تو مجمع عام میں بھی اصلاح فرما دیتے جیسا کہ بیان کیاجاتاہے ٫٫ امریکہ کے دورے میں ایک مرتبہ جمعہ کے خطبے کے لیے منبر پر آئے تو دیکھا کہ نمازیوں نے عام طور پر اپنی شرٹ کو پینٹ میں گھریسا ہوا ہے، منبر شریف پر کھڑے ہو کر اس پر عام تنبیہ فرمائی،،
حضرت تاج الشریعہ قدسسرہ کبھی بھی اہل سنت کے مدارس ومکاتب کے خلاف سنناگوارہ نہ کیا بلکہ جب بھی کسی نے کچھ بولا تو بروقت اس کی تردید فرمائی چنانچہ ایک مرتبہ ممبئی کےایک جلسے میں کسی متشدد ذہنیت کا مولوی جامعہ اشرفیہ مبارک پور کےخلاف چند جملے بیان کرتا ہوا کہہ دیا کہ اشرفیہ کو چندہ دینا جائز نہیں، وہ مولوی بول کر تو نکل گیا اور یہ الزام حضرت کے سر آگیا جب حضرت کو یہ معلوم ہوا تو حضرت نے اسٹیج پر تقریبا دس منٹ اشرفیہ کی تعریف اور اس مولوی صاحب کا رد فرمایا اور اشرفیہ کے ساتھ اہل سنت کے تمام مدارس کو چندہ دینے کی تلقین وترغیب فرمائی۔ (تذكره تاج الشريعہ ص ١٦)
الغرض حضرت تاج الشریعہ رضی اللہ عنہ کی پوری زندگی اس حدیث مبارکہ کی روشنی میں گزری ہے ٫٫عن ابن مسعود رضی اللہ عنہ عن النبی ﷺ قال: إن الصدق یھدی إلی البر وإن البر یھدی إلی الجنۃ، وإن الرجل لیصدق حتی یکتب عند اللہ صدیقا، وإن الکذب یھدی إلی الفجور وإن الفجور یھدی إلی النار وإن الرجل لیکذب حتی یکتب عند اللہ کذابا (متفق علیہ)
حضرت ابن مسعود رضی اللہ عنہما سے روایت ہے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا، یقیناً سچائی نیکی کی طرف رہنمائی کرتی ہے،اور نیکی جنت کی طرف لے جاتی ہے۔ آدمی سچ بولتا رہتا ہے یہاں تک اسے اللہ کے یہاں بہت سچا لکھ دیا جاتا ہے۔ اور جھوٹ نافرمانی کی طرف رہنمائی کرتا ہے۔اور نافرمانی جہنم کی طرف لے جاتی ہے۔اور آدمی یقینا جھوٹ بولتا رہتا ہے،یہاں تک کہ اللہ کے یہاں وہ بہت جھوٹا لکھ دیا جاتا ہے۔،، اللہ کریم حضور مرشدگرامی وقار رحمةاللہ علیہ کی حق گوئی اور بے باکی کا حصہ ہم غلاموں کو بھی عطا کرے اور ان کے علمی، عملی، فکری اور روحانی فیضان سے سیرابی عطا کرے آمین بجاہ سید المرسلین علیہ الصلوة والتسلیم
نوٹ یہ تحریر پچھلے سال عرس تاج الشریعہ کے موقعہ پر *شان سیدھارتھ* سیدھارتھ نگر یوپی میں شائع ہوا تھا۔ عرس کی مناسبت سے شائع کر رہا ہوں۔ ﴿علیمی﴾
ازقلم:- محمد فیضان رضا علیمی
نائب صدرجماعترضائے مصطفے سیتامڑھی
faizanrazarazvi78692@gmail.com