مومنو خوشیاں مناؤ ماہ رمضاں آگیا
عارفہ فاطمہ ہردولی


رب کی رحمت خوب پاؤ ماہ رمضاں آگیا
مغفرت اپنی کرآؤ ماہ رمضاں آگیا
اے مسلمانو ! کمالو نیکیاں اس ماہ میں
اپنے خالق کو مناؤ ماہ رمضاں آگیا
اس مبارک ماہ کی شان و فضلیت ، اہمیت
ایک دوجے کو بتاؤ ماہ رمضاں آگیا
شَہۡرُ رَمَضَانَ الَّذِیۡۤ سے اس کا رتبہ جان لو
مومنو ! خوشیاں مناؤ ماہ رمضاں آگیا
روزے رکھ کر اپنے رب کو راضی کر لو مومنو
سر کو سجدے میں جھکاؤ ماہ رمضاں آگیا
خالقِ کل کا یہی فرمان ہے اے مومنو !
خوب صدقے تم لٹاؤ ماہ رمضاں آگیا
گر کوئی ناراض ہے تم سے کسی بھی بات پر
پہلے تم اس کو مناؤ ماہ رمضاں آگیا
بے حیائی اور برائی کی نحوست چھوڑ دو
برکتیں توبہ کی پاؤ ماہ رمضاں آگیا
ایک نیکی پر ملا کرتی ہیں ستر نیکیاں
ایسا موقع مت گنواؤ ماہ رمضاں آگیا
بے بس و لاچار ، مفلس اور پریشاں حال کو
اپنے سینے سے لگاؤ ماہ رمضاں آگیا
قید ہو جاتا ہے شیطاں عارفہ اس ماہ میں
آخرت اپنی بناؤ ماہ رمضاں آگیا
عارفہ فاطمہ ہردولی
ضلع باندہ یوپی الہند