خدا کی خاص عنایت ہیں فاطمہ زہرا
عارفہ فاطمہ ہردولی
خدا کی خاص عنایت ہیں فاطمہ زہرا
رسولِ پاک کی عترت ہیں فاطمہ زہرا
حسن حسین کی جنت ہیں فاطمہ زہرا
علئ پاک کی زینت ہیں فاطمہ زہرا
جگہ پہ اپنی بٹھا کر نبی نے فرمایا
کہ میرے قلب کی راحت ہیں فاطمہ زہرا
گواہی دیتی ہے لوگو ! یہ آیت تطہیر
کمال و نازِ طہارت ہیں فاطمہ زہرا
جناب عائشہ صدیقہ نے یہ فرمایا!
شہ امم کی شباہت ہیں ‘ فاطمہ زہرا
نبی کی نسل چلی ان کی ذات اقدس سے
کہ اصل باغ سیادت ہیں فاطمہ زہرا
نہیں ہے خوف کوئی مجھ کو روز محشر کا
کہ مغفرت کی ضمانت ہیں فاطمہ زہرا
بتا دو عارفہ تم بھی زمانے والوں کو
جمال و پیکرِ عفّت ہیں فاطمہ زہرا
عارفہ فاطمہ ہردولی
ضلع باندہ یوپی الہند