علم و فن، فکر و ہنر کا نام خیر الاذکیاء
در شان استاذ الاساتذہ صدرالعلماء عمدۃ المحققین حضور خیرالاذکیاء علامہ محمد احمد مصباحی دام ظلہ العالی
(ناظم تعلیمات جامعہ اشرفیہ مبارک پور اعظم گڑھ)
علم و فن، فکر و ہنر کا نام خیر الاذکیاء
آگہی کا نقطہء اتمام خیر الاذکیاء
دے رہے ہیں تشنگانِ علم کو اک عہد سے
حافظِ ملت کے در کا جام خیر الاذکیاء
ذات ان کی وارثِ علمِ امام احمد رضا
مفتیِ اعظم کا عصری نام خیرالاذکیاء
زیب تن کرتے ہیں آئے دن نئے انداز سے
عاجزی کا اک نیا احرام خیر الاذکیاء
عالموں کے درمیاں وہ ذات سورج کی طرح
گر چہ ہیں بے علم میں گمنام خیر الاذکیاء
کر دیا تو نے ادا حق مسندِ تدریس کا
تیرے شاگردوں کی ہیں اقوام خیر الاذکیاء
تو ہے سہل ممتنع کی ایک سیدھی سی مثال
کتنا جامع ہے ترا افہام خیر الاذکیاء
اک جماعت کی بصیرت کا امیں تنہا ہے تو
اک جماعت کا ہے تیرا کام خیر الاذکیاء
اشرفیہ کے چمن کی تازگی کے تم سبب
تم سے ہیں اس کے جواں ایام خیرالاذکیاء
دیں کی خدمت کے لیے رب کی رضا کے واسطے
کر دی تو نے کروفر نیلام خیر الاذکیاء
میں یقیں سے کہہ رہا ہوں تو ہے بے مثل و مثال
شخصیت تیری ہے کتنی تام خیرالاذکیاء
ہے مشاہد دن بدن مائل بہ اقدار و عروج
ہے مشاہد پر ترا انعام خیر الاذکیاء
عقیدت کیش:
محمد مشاہد رضا مصباحی
(فیض آباد)