اجمل العلما سیرت و خدمات

اجمل العلما سیرت و خدمات

Table of Contents

اجمل العلما سیرت و خدمات
اجمل العلما سیرت و خدمات

اجمل العلما سیرت و خدمات

تحریر: مفتی احمد رضا مصباحی

چودہویں صدی ہجری میں جن ارباب علم و فن اور اصحاب طریقت نے غیر منقسم ہندوستان میں اپنے علم و عمل کے ذریعے سے دینی خدمات انجام دی ہیں، ان مقدس شخصیات میں ایک نام سند الفقہا ، سلطان المناظرین ، اجمل العلما مفتی اجمل شاہ سنبھلی بانی مرکزی مدرسہ اہل سنت اجمل العلوم علیہ الرحمہ کا بھی ہے جو اپنے آپ میں ایک ماہر مدرس ، عظیم فقیہ اور میدان مناظرہ کے شہسوار تھے ۔
ولادت باسعادت :۔ مغربی اترپردیش کے تاریخی شہر سنبھل (مرادآباد ) کے باشندے عالی جناب حضرت مولانا حافظ محمد اکمل شاہ علیہ الرحمہ کے کوئی نرینہ اولاد نہ تھی ، آپ نے بارگاہ خالق کائنات میں دعا کی ,, اے مولی تعالی؛ اگر تو مجھے بیٹا عطا فرمائے تو میں اسے خدمت دین کے لئے وقف کر دوں گا ،، بفضلہ تعالی دعا باب اجابت سے ٹکرائی اور ۱۵/ محرم الحرام ۱۳۱۸ھ بمطابق ۱۵ / مئی ۱۹۰۰ء بوقت صبح ایک سعادت مند فرزند کی ولادت ہوئی۔

نام و القاب :۔ آپ کا نام محمد اجمل ہے ، اہل علم آپ کو سند الفقہا، سلطان المناظرین، اجمل العلما جیسے عظیم الشان القاب سے یاد کرتے ہیں اور شہر سنبھل میں آپ کو شاہ صاحب کے نام سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔

تعلیم و تربیت:۔ جب آپ کی عمر مبارک چار سال ، چار ماہ اور چار دن کی ہوئی تو آپ کے جد امجد عارف باللہ حضرت شاہ جی غلام رسول صاحب علیہ الرحمہ نے بسم اللہ شریف پڑھائی ، اور قرآن پاک ناظرہ ، اردو کی ابتدائی کتابیں اور فارسی زبان کی کتب اپنے چچا حضرت مولانا محمد افضل شاہ اور والد ماجد حضرت مولانا حافظ محمد اکمل شاہ علیہما الرحمہ سے پڑھیں۔ ابتدائی عربی سے شرح جامی تک کی تعلیم اپنے چچا زاد بھائی جامع معقول و منقول حضرت مولانا عماد الدین صاحب سے حاصل کی۔ اس کے بعد آپ مولانا عماد الدین کی معرفت میں مرادآباد کی شہرہ آفاق دینی درسگاہ جامعہ نعیمیہ ، مراد آباد تشریف لائے ، اور شرح جامی کے بعد کی جملہ کتب تاج العلما حضرت مفتی محمد عمر نعیمی اور صدر الافاضل، مفسر قرآن حضرت علامہ مفتی سید محمد نعیم الدین مراد آبادی علیہما الرحمۃ کے پاس پڑھیں ۔ آپ کی تعلیم و تربیت کا سہرا آپ کے جد امجد، والد ماجد ، چچا جان اور چچا زاد بھائی خصوصا صدر الافاضل علیہ الرحمہ کو جاتا ہے، جن کی توجہات اور نواز شات سے آپ نے یہ بلند پایہ علمی مقام حاصل کیا ۔

بیعت وخلافت :۔ اجمل العلما پر صدر الافاضل علیہ الرحمہ کی خصوصی نظر تھی اس لئے خود صدرالافاضل آپ کو مرکز عقیدت بریلی شریف لے کر حاضر ہوئے ، اور شیخ الاسلام والمسلمین ، مجدد اعظم ، اعلی حضرت ، امام احمد رضا خان قادری حنفی بریلوی علیہ الرحمہ کے دست حق پرست پر بیعت کرائی۔ پیر و مرشد کے وصال کے بعد شہزادہ اعلی حضرت ، حجۃ الاسلام ، علامہ حامد رضا خان علیہ الرحمہ نے سلسلہ رضویہ قادریہ کی اجازت و خلافت سے نوازا ، اور خانوادہ اشرفیہ کچھوچھہ شریف کے عظیم بزرگ حضرت مخدوم المشائخ ، اعلی حضرت شاہ علی حسین اشرفی الجيلاني نے بھی اجمل العلما کو سلسلۂ اشرفیہ چشتیہ کی خلافت و اجازت عطا فرمائی ۔

درس و تدریس :۔ اجمل العلما بلند پایہ عالم دین ، علوم مروجہ پر اچھی دست رس رکھنے والے اور کتب درسیات کے ماہر مدرس تھے۔ آپ نے بعد فراغت تدریس کا آغاز مرادآباد کی شہرہ آفاق دینی دانش گاہ جامعہ نعیمیہ ، مرادآباد سے فرمایا ، اس کے بعد آپ نے خود تاریخی شہر سنبھل (مرادآباد) میں ایک دینی ادارہ بنام مدرسہ اہل سنت اجمل العلوم قائم فرمایا ، اور تاحیات مدرسہ اجمل العلوم میں تشنگان علوم نبویہ کو سیراب کرتے رہے اور تدریس کی اس طویل عرصے میں طالبان علوم نبویہ کی بڑی جماعت کو زیور علم سے آراستہ فرمایا ان میں سے بعض کے اسماء درج ذیل ہیں: حضرت مولانا مفتی صوفی محمد اول شاہ اجملی صاحب ، حضرت مفتی اختصاص الدین صاحب ، حضرت مفتی محمد حسین صاحب، حضرت مفتی عبد السلام صاحب وغیرھم (تلامذہ کی ایک لمبی فہرست ہے جن کا تذکرہ ہم پھر کریں گے )

آپ کا معمول تھا کہ بعد نماز عشا میاں صاحب والی مسجد میں پابندی کے ساتھ قرآن پاک کا ترجمہ و تفسیر بیان فرماتے اور درس قرآن کا یہ سلسلہ تقریباً دس سال تک چلتا رہا جہاں پر کثیر تعداد میں سامعین شرکت فرماتے تھے، اس کے بعد احباب کی فرمائش کے بعد پر مسجد اہلسنت پاکھڑ والی میں آپ نے مکمل درس قرآن دیا، اور بہت سے گم گشتگان راہ کو راہ راست سے آشنا فرما کر ہمیشہ کے لئے ان کے ایمان و عقیدے کی حفاظت فرمائی۔
*تصنیف و تالیف* :۔ حضور اجمل العلما کا معمول تھا کہ بعد ظہر آۓ ہوے خطوط کا جواب رقم کرتے اگر فقہی سوالات ہوتے تو ان کا نہایت مدلل جواب لکھتے، آپ نے تقریبا چالیس سال تک فتویٰ نویسی فرمائیں ، آپ کے فتاویٰ کی تعداد دو ہزار سے زیادہ ہے جو آج فتاوی اجملیہ کے کے نام سے چار جلدوں میں اہل علم کی بیچ مقبول و متعارف ہے ، اس کے علاوہ آپ نے باطل فرقوں کی سرکوبی اور عوام الناس کو اسلامی تعلیمات و راہ راست کی شناخت کرانے کے لئے متعدد کتب تصنیف فرمائی ہیں جو درج ذیل ہیں :(۱) فتاوی اجملیہ 4/ جلدیں، (۲) رد شہاب ثاقب بر وہابی خائب ، (۳) رد سیف یمانی در جوف لکھنوی و تھانی، (۴)اجمل المقال لعارف رویت الہلال ، (۵) عطر الکلام فی استحسان المولد والقیام، (۶) تحائف حنفیہ بر سوالات وہابیہ (۷) فوٹو کا جواز در حق عازمان سفر حجاز ، (۸) اجمل الکلام فی عدم القرات خلف الامام ، (۹) افضل الانبیاء والمرسلين (۱۰) فیصلہ حق و باطل ،(۱۱) طوفان نجدیت وسبع آداب زیارت ،(۱۲) بارش سنگی در قفاۓ دربھنگی ،(۱۳) قول فیصل (۱۴) اجمل الارشاد فی اصل حرف الضاد( ۱۵) کاشف سنیت و ہابیت (۱۶) سرمایۂ واعظین (۱۷) ریاض الشہدا منظوم (۱۸) نطام شریعت اول ، دوم (۱۹) اسلامی تعلیم اول ، دوم (۲۰) مذہب اسلام (۲۱) اجمل السیر في عمر سید البشر (۲۲) مضامین اجمل العلما (۲۳) نعتیہ دیوان حضرت اجمل العلما۔
*وصال پر ملال* :۔ مسلسل علالت کے سبب ۶۳/ سال کی عمر میں یہ علمی ستارہ ۲۸/ ربیع الثانى ۱۳۸۳ھ بمطابق ا۸/ ستمبر ، ۱۹۶۳ء بروز بدھ ۱۲/بج کر ۲۰ / منٹ پر ہمیشہ کے لئے روپوش ہوگیا۔

اولاد و ازواج :۔ آپ نے تین شادیاں کی ہیں، پہلی بیوی افضل النساء سے ایک بیٹا اور دو بیٹیاں تولد ہویں ۱۔حضرت علامہ مفتی صوفی محمد اول شاہ( پاکستان )، دو بیٹیاں ۱۔ راشدہ بیگم ، ۲۔ عارفہ بیگم ۔ دوسری بیوی مونی بیگم سے ایک بچی پیدا ہوئی اور بچپن ہی میں انتقال کر گئی۔ اور تیسری بیوی اکبری بیگم سے ایک فرزند ہیں جن کو ہم غلامان اجمل العلما حضرت مفتی اختصاص الدین صاحب کے نام سے جانتے ہیں جو بعد میں اجمل العلما علیہ الرحمہ کے جانشین اور مرکزی مدرسہ اجمل العلوم کے ناظم ہوے۔ اللہ تعالی ہم سب کو فیضان اجمل العلما سے مالا مال فرماۓ۔
۔

تحریر: مفتی احمد رضا مصباحی

استاد : مرکزی مدرسہ اجمل العلوم ، سنبھل

مزید پڑھیں:

پر سکون نیند ایک بڑی نعمت ہے

دعوت و تبلیغ کا نبوی منہج

موبائل فون اور ٹاور سے انسانی صحت پر ہونے والے مضر اثرات

سوشل میڈیا کتنا مفید کتنا مضر

پردے کی اہمیت قرآن و حدیث کی روشنی میں

برصغیر کے سنی علما کی ترتیب کردہ چودہ مشہور کتب حدیث

امام احمد رضا کے خلفا، تلامذہ اور مریدین کی تفسیری خدمات

شیئر کیجیے

Leave a comment