https://aapkaqalam.com/shan-e-ramadan/

شان رمضان

Table of Contents

                    شان رمضان

از قلم :محمدمشاہد رضا قادری

متعلم: الجامعةالاشرفیہ مبارک پور

https://aapkaqalam.com/shan-e-ramadan/
شان رمضان

خدا کی رحمتوں کا اک حسیں ایوان ہے رمضان

عنایت، مغفرت، رحمت کا اک سیلان ہے رمضان

خوش و خُرَّم ہوئے آمد کی تیرے ہم خبر سن کر

ہیں پروانے ترے ہم، تو ہماری شان ہے رمضان

تری رَعنائی کی نُزہت الگ ہے اور مہینوں سے

تو رحمت اور برکت اور تو غفران ہے رمضان

زمیں کیا، کل جہاں پُرنور ہیں سب تیری طلعت سے

کھلے مومن کے چہرے، قید میں شیطان ہے، رمضان

عبادت کے گُہر تجھ پر لٹائیں گے جبینوں سے

ہماری سُرخروئی کا بھی تو عنوان ہے رمضان

تری ذرہ نوازی کر نہیں سکتے بیاں ہم تو

سراپا خیر و برکت تیرا ہر اک آن ہے رمضان

مساجد میں عبادت کی تلاوت کی لہر دوڑی

گھروں میں بھی ہمارے نغمہ ء قرآن ہے رمضان

کشادہ رزق ہم سب پر ہوا ہے تیری آمد سے

خدا کے فضل میں ڈوبا یہ دسترخوان ہے رمضان

تری آغوش میں اک ایسی شب، ہر شب سے ہے افضل

جو ہم سب کیلئے تیرا الگ فیضان ہے رمضان

ہمارے ہاتھ آئیگی نہ کیونکر رب کی خوشنودی

رضائے رب تعالی ہی تیرا عرفان ہے رمضان

مشاہد ایک کا ستَّر یہاں ہے اب تو کچھ کر لے

تَہی دامن ہے تو اور نیکیوں کی کان ہے رمضان

غنیمت اسکا ہر اک پل مشاہد ہم تو جانیں گے

ترے اشعار نے یہ کر دیا اعلان ہے رمضان

ماہ رمضان کی برکتیں اور عظمتیں

شیئر کیجیے

Leave a comment