
درمدح صحابی رسول سیدناحضرت جابر رضی اللہ تعالی عنہ
از: واصف رضاواصف
ہےحدفکرسے برتر مقام حضرت جابر
پیامِ حق تعالیٰ ہے پیامِ حضرت جابر
منور ہے شبستان تخیل ان کی یادوں سے
درون خانہ ٕ دل ہے قیام حضرت جابر
کسی تصدیق اورتوثیق کی حاجت نہیں بچتی
دلیلوں سے مبرہن ہے کلام حضرت جابر
ابھی بھی سینہ حزب مخالف میں ہےدھاک ان کی
ہیں خاٸف آج بھی دشمن بنام حضرت جابر
شقاوت اور تذلل ان کے اعدا کا مقدرہے
نہایت کروفر میں ہیں غلام حضرت جابر
رخ والشمس کے دیدار سے محظوظ ہوتے تھے
ہیں گزرےقرب شہ میں صبح وشام حضرت جابر
تقدس کی ردا رکھے ہوئے بازوے خامہ پر
جبین دہر پہ لکھیے نظام حضرت جابر
فرازآسماں بھی سرنگوں اس سے نہ کیوں کرہو
رفیع المرتبت واصف! ہے گام حضرت جابر