وفا شناس سخنور ہیں کعب بن مالک
واصف رضاواصف
درمدح صحابی رسول حضرت سیدنا کعب بن مالک انصاری رضی اللہ تعالی عنہ
وفا شناس سخنور ہیں کعب بن مالک
خلوص وحلم کے پیکر ہیں کعب بن مالک
ہمیشہ ان پہ ہے تنزیل لکہ شفقت
قریب ِ قلبِ پیمبر ہیں کعب بن مالک
ہے ذات ان کی عبارت ولاے سرورسے
شرف مآب ، منور ہیں کعب بن مالک
ہے تابناک مہ عز و شوکت و اقبال
ہرایک جہت سےخوشترہیں کعب بن مالک
پسند ان کے تھے اشعار شاہ بطحاکو
نصیب کے بھی سکندر ہیں کعب بن مالک
تجلیات سخن کا فروغ ہے ان سے
تخیلات کے محور ہیں کعب بن مالک
رگ حیات عدوے حضور کاٹتے ہیں
جری شجیع دلاور ہیں کعب بن مالک
حیات مہر و کرم کا ہے مجمع البحرین
سپہر فضل کےاختر ہیں کعب بن مالک
صفا و صدق و تزہد ہے خاصہ ٕ ہستی
ذکا کے بہتے سمندر ہیں کعب بن مالک
بڑا کمال ملا ان کو مدحت شہ میں
بلند فکر ثناگر ہیں کعب بن مالک
نصیب ہوتی ہے اکثر معیت سرور
صحابی شہ کوثر ہیں کعب بن مالک
ہے ان کی مدح نگاری مسلم و محبوب
کہ بحر نعت کے گوہر ہیں کعب بن مالک
ہے اتباع میں ان کے فلاح اے واصف
رہ نجات کے رہبر ہیں کعب بن مالک