امیر دعوت اسلامی مولانا الیاس قادری
از قلم: محمد یحیی انصاری اشرفی
امیر دعوت اسلامی شیخ طریقت مولانا الیاس قادری کا شمار عالمی سطح پر اھلسنت وجماعت کی معروف ومقتدی شخصیات میں ھوتا ھے۔ مولانا الیاس قادری صحیح العقیدہ متصلب سنی حنفی قادری ھیں۔ اعلی حضرت امام اھلسنت مجدد دین وملت مولانا احمد رضا خان فاضل بریلوی علیہ الرحمہ کی تعلیمات ، عقائد ونظریات پر مضبوطی سے گامزن ھوتے ھوئے اپنے عالمگیر مشن دعوت اسلامی کو آگے بڑھاتے ھوئے مصروف تبلیغ ھیں۔
آپ کی شخصیت رفض وخروج کے اعتقادات سے پاک ھے ۔۔ محبت اھلبیت اطہار اور محبت صحابہ کرام سے سرشار ھیں۔ سنی وھی ھوتا ھے جس کے ایک ھاتھ میں دامن اھلبیت اطہار اور دوسرے ھاتھ میں صحابہ کرام کا دامن ھو ۔ اھل بیت اطہار نجات کی کشتی اور صحابہ کرام آسمان ھدایت کے روشن ستارے ھیں۔ سنی اھلبیت کی کشتی میں سوار ھوتا ھے اور نجوم رسالت کی پیروی کرتے ھوئے ایمان کو سلامت رکھتا ھے۔ انا پرستی اور شخصیت سازی کے مزاج سے ھٹ کر فروغ سنت اور دعوت سنیت آپ کا مقصد زندگی ھے۔
فطری طور پر منکسر المزاج اور عملی حیثیت سے باکردار باعمل عابد وزاھد اور شریعت وطریقت کا پیکر ھیں۔ تقوی وطہارت شب وروز کے اعمال صالحہ اور مشاغل صحیحہ سے جھلکتی ھے۔ آپ کے اخلاص اور تواضع کے سبب اللہ تعالی نے آپکو ایسی رفعت ومقبولیت عطا فرمائی ھے جس کا تصور وگمان عالی قدر شخصیتوں کے لئے بھی دشوار ھے۔ من تواضع لله رفعه الله.
انسان کے لئے اپنے نفس کی اصلاح سب سے دشوار کام ھوتا ھے۔ اللہ تعالی نے مولانا الیاس قادری کے ذہن میں یہ بات راسخ کردی کہ وہ نہ صرف خود اپنی ذات بلکہ ساری دنیا کے لوگوں کی اصلاح کے لئے کوشاں رھیں۔ الحمد للہ عالمی سطح پر اصلاح کی کوشش میں اللہ تعالی نے اپنے کرم وفضل سے نمایاں کامیابی عطا فرمائی۔
دور جدید کے ماحول میں اولاد کی صالح تربیت ایک چیلنج سے کم نہیں۔ اس دور پرفتن میں نام نہاد اھلحدیث غیر مقلدین جو صرف رخصتوں پر عمل کی ترغیب دیتے ھیں انہوں نے دین میں آسانی اور سہولت کے نام پر بدعقیدگی کے ساتھ ساتھ بدعملی بھی پھیلا کر رکھ دی ھے۔ نماز کے خشوع و خضوع کو متاثر اور نماز کی اھمیت گھٹاتے ھوئے بغیر ٹوپی نماز کی ادائیگی کو رائج کیا۔
اب عام مسلمانوں کے سروں سے ٹوپیاں غائب ھوچکی ھیں۔ ایک باپ کے لئے یہ عمل باعث آزمائش بن چکا ھیکہ وہ اپنی اولاد کے سروں پر ٹوپی سجائے ۔۔۔ اولاد کو ٹوپی پہننے کا عادی اور پابند بنائے۔ امیر دعوت اسلامی مولانا الیاس قادری نے دنیا کے مختلف گوشوں میں پھیلے لاکھوں معتقدین کو نہ صرف ٹوپی پہننے کا عادی بنا دیا بلکہ ان کے سروں پر عمامے سجا دئیے۔ یہ بات کہنے اور سننے میں بھی دشوار ھے لیکن عملا یہ کارنامہ کر دکھایا ۔۔ یقینا یہ امیر دعوت اسلامی کی کرامت ھے۔ الاستقامة فوق الكرامة ..
اسلامی روپ اختیار کرنا ، تصنع کا مظاھرہ کرتے ھوئے حلیہ نشین بن جانا ، بزرگوں کی وضع قطع اپناتے ھوئے ان کی تقلید میں جبہ دستار یا اس جیسا لباس پہن لینا بہت آسان ھے۔ بزرگوں کا تقوی اور ان کی صفات اپنانا بہت مشکل ھے۔ احکام شریعت کی پابندی اصل کمال ھے۔ امیر دعوت اسلامی نہ صرف خود شرعی احکام کی سختی سے پابندی کرتے ھیں بلکہ اپنے لاکھوں معتقدین مریدین ومتبعین کو بھی شریعت کے سانچے میں ڈھالتے ھوئے پابند شریعت بنا دیا۔
(شیخ طریقت) پیر تین قسم کے ھوتے ھیں۔ ایک پیر پتہ ۔۔ پتے کے مثل ھوتے ھیں وہ تنہا تیرتے اور حوادث سے بچتے ھوئے منزل تک پہونچ جاتے ھیں، کسی دوسرے کو سہارا دیکر منزل تک نہیں پہونچا سکتے۔ دوسرے پیر پتھر ھیں جو خود ڈوبتے ھیں اور تھامنے والوں کو بھی ڈوبا دیتے ھیں۔ تیسرے پیر لکڑ ھوتے ھیں جو کشتی بن کر خود بھی بہت اطمئنان سےمنزل تک پہونچتے ھیں اور سب کو اپنی کشتی میں سوار کر کے منزل تک پہونچاتے ھیں۔
الحمد للہ بلاجھجک یہ کہہ سکتا ھوں کہ مولانا الیاس قادری ایسے شیخ طریقت ھیں جو اپنی کشتی میں سب کو سوار کر کے منزل تک پہونچاتے ھیں۔ یہ مولانا الیاس قادری کا خاصہ ھیکہ وہ بھی پابند شریعت ھیں اور ان کے لاکھوں مریدین و معتقدین جو دنیا کے مختلف گوشوں میں رھتے ھیں وہ بھی پابند شریعت ھیں۔ یہ واحد شیخ طریقت ھیں جن کے لاکھوں مریدین و معتقدین اپنے چہروں کو سنت کے مطابق ڈاڑھیوں سے سجائے ھوئے ھیں ، شرعی اسلامی لباس پہنے ھوئے ھیں ، سنت کے مطابق مسواک بوقت وضو استعمال کرتے ھیں اور اپنی زندگی سنت کے موافق گذارتے ھیں ۔۔ کھانے پینے چلنے پھرنے، معاملات تجارت اور دیگر معمولات زندگی میں سنتوں کو ملحوظ رکھتے ھیں۔ مریدیں ومعتقدین کی تربیت کے معاملے میں مولانا الیاس قادری کا کوئی ثانی نہیں۔۔
مولانا الیاس قادری کی مشہور ومقبول تصنیف ‘فیضان سنت’ ھے. بلا شبہ اور بلا مبالغہ ‘فیضان سنت’ اردو میں لکھی گئی تمام دینی کتب میں سب سے زیادہ پڑھی جانے والی کتاب ھے۔ ذلک فضل اللہ یوتیہ من یشاء۔
اللہ تبارک وتعالی نے دعوت اسلامی کو اتنی مقبولیت اور وسعت عطا فرمائی ھیکہ دنیا کے گوشے گوشے میں فروغ سنیت اور تربیت سنت میں یہ سرگرم عمل ھے۔ الحمد للہ ۔۔ مدینہ منورہ اور مکہ معظمہ میں سینکڑوں کی تعداد میں دعوت اسلامی کے سبز عمامے نظر آتے ھیں ۔۔ ماہ رمضان المبارک میں ھزاروں کی تعداد میں سنیت کے یہ سپاھی مدینہ منورہ میں درود وسلام کے نذرانے نچھاور کرتے ھوئے دکھائی دیتے ھیں۔
دینی کام ھوں یا دنیوی ۔۔ حالات جنگ کے ھوں یا امن کے۔ ھر جہت سے اور ھر محاذ پر کام کی ضرورت ھوتی ھے۔ صرف بری فوج لیکر جنگ نہیں لڑی جاسکتی۔ جنگ میں مقابلے کے لئے بحری ، بری اور فضائی افواج کی ضرورت ھوتی ھے۔ دین کی تبلیغ واشاعت کے لئے صرف جذباتی اور گرجدار تقاریر پر انحصار نہیں کیا جاسکتا۔ صرف جلسوں اور تقاریر سے میدان نہیں مارا جاسکتا۔
ھر محاذ پر مختلف جہتوں سے کام کی ضرورت ھوتی ھے۔ تحریک چلانے کے لئے باصلاحیت حرکیاتی مستعد وفعال قیادت کی ضرورت ھوتی ھے۔ دینی جامعات ومدارس کا جال بچھانا ھوتا ھے۔ اشاعتی اداروں اور مکتبوں کو قائم کرنا ھوتا ھے۔ مصنفین مبلغین معلمین مدرسین کی مضبوط ٹیم تیار کرنا ھوتا ھے۔ یہ سارے کام منظم طور پر منصوبہ بندی کے تحت کرنا پڑتا ھے۔ گوشہ نشینی اختیار کرنے سے یہ کام ممکن نہیں ھوتے۔ یہ کوئی مؤقتي خدمات نہیں ھیں۔
دعوت اسلامی کی ھمہ وقتی عالمی خدمات کا دائرہ بہت وسیع ھے۔ اسلام کی دعوت ایرکنڈیشن عمارتوں میں بیٹھ کر انجام نہیں دی جاتی بلکہ اس کے لئے سخت فیلڈ ورک کرنا پڑتا ھے۔ فیلڈ ورک کے بغیر کسی تنظیم کی سرگرمیوں کا تصور بھی محال ھوتا ھے۔ دعوت اسلامی کی سخت محنت اور فیلڈ ورک کا نتیجہ ھیکہ تربیتی اجتماعات کے ذریعہ سنتوں کو عملی طور پر سکھایا جارھا ھے۔ دعوت اسلامی نے ھزارھا مساجد تعمیر کروائی ھیں جہاں سنتوں کی عملی تربیت ھوتی ھے۔
دنیا کے مختلف گوشوں میں دعوت اسلامی کے ھزارھا دینی جامعات ومدارس قائم ھیں ۔۔۔ لاکھوں مبلغین واعظین مصلحین مدرسین مصنفین علماء مفتیان کرام اراکین ومعاونین شبانہ روز خدمات انجام دے رھے ھیں۔
مجدد دوراں حضور شیخ الاسلام رئیس المحققین سلطان المشائخ سیدالمفسرین علامہ سید محمد مدنی اشرفی جیلانی حفظہ اللہ نے اپنی ذھانت اور اجتہاد سے جدید سائنسی ایجادات ویڈیو اور ٹی وی کے استعمال کو شرعی طریقے پر استعمال کرنے کا سلیقہ’ طریقہ بتایا’ اپنا تاریخی محققانہ فتوی سے امت مسلمہ کی رھنمائی فرمائی۔
وقت کے دھارے سے مسلمانوں کو الگ نہ ھونے دیا۔ ٹی وی کا رخ کلیسا کی بجائے بیت اللہ کی طرف’ گرجا کی بجائے گنبد خضرا کی جانب کردیا۔ ٹی وی پر قرآن کریم’ احادیث مبارکہ’ مسائل دینیہ ‘ مقالات اسلامیہ اور مضامین سیرت مصطفی کا نظارہ کریں۔ علماء کرام ومشائخ عظام کی ایمان افروز’ روح پرور تقاریر سے مستفیض ھوں’ ثناخوان حبیب صلى الله عليه وسلم کی نعتوں سے اپنے دامن معصيت کو پاک کریں۔ صلوة وسلام اور ذکر واذکار سے اپنے قلوب کو منور کریں اور عالم وجد میں زبان حال سے پکار اٹھیں :
لا اله الا الله محمد رسول الله.
أمير دعوت اسلامي مولانا الیاس قادری اس اجتہادی وتایخی فتوے سے کماحقہ استفادہ کررھے ھیں ۔۔۔ مدنی چینل پر دعوت اسلامی کے مذھبی پروگرامس مختلف زبانوں میں دنیا کے بیشتر ممالک میں چوبیس گھنٹے نشر ھوتے ھیں جن سے سبھی بھرپور استفادہ کرتے ھیں۔
اللہ تبارک وتعالی مولانا الیاس قادری کو سلامت وباکرامت رکھے۔ آمین