عید کی صبح درخشاں.. دشمنانِ اسلام کی ریشہ دوانیاں اور ہماری ذمہ داریاں

عید کی صبح درخشاں..

Table of Contents

عید کی صبح درخشاں..دشمنانِ اسلام کی

 ریشہ دوانیاں اور ہماری ذمہ داریاں

از قلم:غلام مصطفٰی رضوی

نوری مشن مالیگاؤں

عید کی صبح درخشاں.. دشمنانِ اسلام کی ریشہ دوانیاں اور ہماری ذمہ داریاں
عید کی صبح درخشاں.. دشمنانِ اسلام کی ریشہ دوانیاں اور ہماری ذمہ داریاں

 

عید مُسرتوں کا پیغام ہے… اسلامی تصورِ عید سبھی طبقوں کو مسرت میں شریک کرتا ہے… یہاں غریب بھی محرومِ رحمت نہیں… اسلامی زکوٰۃ کا سسٹم؛فطرے کا نظام معاشرے کے تمام دبے کچلے افراد کو اپنے دامنِ تقدیس میں سمیٹ لیتا ہے… یہاں ہر ایک کے حقوق کی پاسداری ہے…ہر ایک کے دَرد کا دَرماں ہے…

 

کرونا کا بحران:

ایک سال قبل کرونا وائرس کی تباہی سے دنیا دوچار ہوئی… غیر منظم لاک ڈاؤن نے معیشت کو چُرمرا دیا… غریب؛ غریب تر ہوگیا… سرمایہ دار زوال کی راہ جا پڑا… اقتصادی ڈھانچہ بکھر گیا… مہنگائی نے رہی سہی کسر پوری کر دی… دُنیا زوال کی سمت جا پڑی…آج زوال کی شام اور امتحان کی شب ہے…

اخلاقی اقدار:

کرونا سے مسائل بڑھ گئے… کئی تبدیلیاں واقع ہوئیں…

١- جنھیں خوفِ خدا تھا وہ بے خوف رہے… انسانی جانوں کے لیے راحت رسانی میں لگے رہے…ایک دوسرے کے کام آتے رہے…

٢- بیماری سے احتیاط کے نام پر دوریاں بڑھیں… کئی مناظر ایسے بھی مشاہدہ ہوئے کہ اپنے عزیز کی لاشوں سے بھی دوری اختیار کی گئی… رشتوں کا تقدس پامال کیا گیا… نفرتوں کی پرورش کی گئی…

٣- ایک ہاسپٹل انتظامیہ نے صحت یاب ضعیفوں کو بھی سنبھالا کیوں کہ ان کے گھر والے انھیں اس لیے نہیں لے جا رہے تھے کہ انھیں پہلے کرونا ہوا تھا…

٤- نفرتوں کی اس مہم کے خلاف اسلام نے اپنا جلوہ دکھایا… خود مالیگاؤں میں مسلم ڈاکٹروں نے بنا کسی خوف کے خدمت انجام دی… اور شہر بحمدہٖ تعالیٰ کرونا سے بہت حد تک پاک ہے…

٥- ایک سال قبل یہ پروپیگنڈہ کا اثر تھا؛ کہ مسلمانوں سے نفرت کی جا رہی تھی… پڑوسی شہروں میں یہاں کے مریضوں سے گریز برتا جا رہا تھا… آج مالیگاؤں پڑوسی علاقوں کے مریضوں کی مہمان نوازی کر رہا ہے… یہ کشادہ قلبی اسلامی نظام کی دین ہے… مسلم معاشرے کا امتیازی وصف ہے…

 

سادگی اپنائیں:

کرونا بحران نے معیشت کی کمر توڑ کر رکھ دی… ان حالات میں خود احتسابی کی ضرورت ہے… بے جا خرچنے سے بچنا انسب ہوگا… خواہشات پر لگام ڈالنا ہوگا…اپنی اضافی راحت کی چیزیں ترک کر کے بھوکوں کی کفالت کی فکر کرنی ہوگی… سادگی کو فوقیت دینی ہوگی…

 

اسلامی طریقے سے عید منائیں:

ہمارے یہاں عید منانے کے کئی طریقے ہیں… بہت زیادہ تفریح، دعوتوں کا اہتمام، فضول خرچنا، فلمیں، میلے ٹھیلے عام سی بات ہیں… ایک ایسے وقت میں جب کہ ہمارے وجود کو مٹانے کے لیے دُشمن سرگرمِ عمل ہے… ماب لنچنگ کے ذریعے مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے…اندھے قوانین کے ذریعے مسلمانوں کو جکڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے… قانونی ادارے جانب داری کا مظاہرہ کر رہے ہیں… مساجد نشانے پر ہیں…درگاہیں کھٹک رہی ہیں… مسلمان چبھ رہے ہیں… ان حالات میں محاسبہ کی ضرورت ہے… غیر اسلامی طرزِ عمل سے معاشرے کو بچانے کی کوشش کی جائے… عید سادگی سے منائی جائے… غریبوں سے شفقت کا معاملہ کیا جائے… مریضوں سے حسنِ سلوک کیا جائے… جن کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے؛ ان کا سہارا بنا جائے… ایک دوسرے کے ساتھ ہمدردانہ معاملہ برتا جائے…بُرائیوں کو مٹانے کی تگ و دو کی جائے…

 

خلاصۂ کلام:

حالات کے پیشِ نظر اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں… اسلامی احکامات پر عمل پیرا ہوں… ہر رُخ سے ناموسِ رسالت صلی اللہ علیہ وسلم پر حملہ ہے… یہود و نصارٰی، ان کے ہم خیال لبرلز اور دہریے؛ آریا اور پنڈت مسلسل جنبشِ لب کشائی کر رہے ہیں…جن کے یہاں انسانی حقوق پامال ہیں؛ وہ اس پاکیزہ ذات پر حملے کر رہے ہیں؛ جن کی حیات کامل رہنما ہے… عید کے لمحات عہد کی گھڑیاں ہیں؛ عہد کیجئے! رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ و آلہ وسلم سے وفاداری کا…ان کی عزت و حرمت کے لیے سب کچھ قربان کر دینے کا… یاد رکھیں! اس وقت پورا ایوانِ کفر؛ اسلام و پیغمبرِ اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف متحد ہے… ان کی کوشش یہی ہے کہ مسلمانوں کا رشتہ بارگاہِ رسالت سے کمزور کر دیا جائے… لیکن! یہ اتنا آسان نہیں… عقائد کی بزم ذکرِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے تر ہے… توشۂ ایمانی ابھی سلامت ہے… عاشقانِ مصطفیٰ ابھی زندہ ہیں… متاعِ عشقِ رسول کے تحفظ کے لیے جاں نثار ہر کوچے میں ہیں…

تیری نگاہِ ناز سے دونوں مراد پا گئے

عقل عیاب وجستجو‘ عشق حضور و اضطراب

رہ حق میں جاں نثاری کا جذبہ بیدار کیجئے… اور مسلم معاشرے کے استحکام کے لیے تربیتی، فلاحی اور اصلاحی رُخ سے جدوجہد کا عہد کیجئے… اللہ تعالیٰ ہمیں بیدار فرمائے، آمین…

ہے وہی تیرے زمانے کا امامِ برحق

جو تجھے حاضر و موجود سے بیزار کرے

از قلم:غلام مصطفٰی رضوی

نوری مشن مالیگاؤں

١٤ مئی ٢٠٢١ء

یکم شوال المکرم ١٤٤٢ھ

عید الفطر کے فضائل و مسائل مع طریقہ

چاند رات کی برکتیں اور ہمارا طریقۂ کار

شیئر کیجیے

Leave a comment