اچھے ذریعۂ معاش کی ابتدا کیسے کریں!
از قلم: سبطین رضا محشر مصباحی
چند مفید باتیں
پوری دنیا میں کسبِ معاش کے جتنے بھی ذرائع اور وسائل ہیں ان میں تجارت کا پیشہ بہت اعلیٰ اور معیاری پیشہ ہے اگر چہ تجارت کے علاہ ذراعت و صنعت اور ملازمت جیسے ذرائع بھی ہیں اس کے باوجود تجارت اپنی جگہ افضل ہے_نیز تجارت ایک ضرورت بھی ہے جس کے بغیر انسانی معاشرہ چل نہیں سکتا ،
دینِ اسلام کا بہت بڑا حصہ تجارت ہی سے متعلق ہے جس میں اسلام کا مستقل نظامِ مضاربت و شراکت کے نام سے ہے، تجارت سے متعلق اسلامی فقہ میں کتاب البیوع کے عنوان سے مستقل باب ہیں جس میں تجارت و کاروبار سے متعلق اسلام کی واضح تعلیمات ہیں_
تجارت کے حوالے سے اسلام کی تعلیم یہ ہے کہ بندۂ مومن اللہ کی عبادت کے بعد رزق حلال کی طلب میں مشغول ہوجائے، جیسا کہ خود اللہ رازق و رزاق نے رزق کو اپنے فضل سے تعبیر کرتے ہوئے اس کی تلاش و جستجو کا حکم بھی دیا ہے ، ایسا بالکل بھی نہیں کہ زندگی جینے اور اہل و عیال کے اخراجات سے بےفکر ہو کر صرف اللہ اللہ کرتے رہے یہ رہبانیت ہے جو کہ اسلام میں نہیں ہے، کیوں کہ اہل و عیال پر خرچ کرنا رب کی رضا کا سبب ہے، اور ایسا بھی نہ ہو کہ کاروبار اور تجارت بندے کو رب کی عبادت و ریاضت اور عملِ صالح سے غافل کردیں_
تجارت کا مطلب ایک جنس کا دوسری جنس سے تبادلہ کرنا ہے_مطلب ایک چیز جو میرے پاس ہے اور دوسری چیز کو آپ کے پاس ہے ہم اپنی اپنی ضروریات کے مطابق ان چیزوں کا آپس میں تبادلہ کرلیں_
اسلام میں ایک تاجر کی خصوصیات یہ ہے کہ وہ امانت دار اور سچا ہو یعنی تجارت کے معاملے میں راست گو اور مال کے معاملہ میں امانت دار ہو، اس کے اندر دھوکا جھوٹ فریب اور بد دیانتی شامل نہ ہو جس کی مثالی مثال خود حضور اکرم علیہ السلام کی ذاتِ بابرکات ہے کہ اہل عرب آپ کو صادق و امین کہہ کر پکارتے تھے_
کہنے والی بات یہ ہے کہ کچھ دن پہلے میرا اسلام پور بازار جانا ہوا جو مغربی بنگال کے ضلع اتر دیناجپور کا ایک گاؤں ہے اور کشن گنج ضلع سے قریب بھی ہے ، کپڑا خرید نے کی نیت سے ایک دکان میں داخل ہوا تو دیکھا کہ دکان مالک صرف گاہکوں کی خریدی ہوئی چیزوں کو پیسوں سے کنورٹ (بدل) کر رہا ہے
اور اس کے ارد گرد ایسے لوگ ہیں جو خریدار کو کپڑے دِکھا رہے تھے، لچیلی اور چکنی چپڑی باتوں سے گاہکوں کو اپنی طرف متوجہ کر رہے تھے میری بھی باری آئی تو مجھ سے بھی گزشتہ لوگوں کی طرح لچکدار باتیں کرنے لگا، خیر مناسب قیمت پر ریٹ طے ہوکر کپڑے کی خریداری ہوئی پھر میں نے وہیں بیٹھے ایک شخص سے پوچھا کہ بھائی! دکان مالک آپ سے یہ سب کام کرواتا ہے تو بدلے میں کچھ نہ کچھ ضرور دیتا ہوگا
تو اس شخص نے کہا بالکل مولانا صاحب، اس سے دو فائدے مجھے ہوتے ہیں ایک تو یہ کہ دن کا پورا معاوضہ ملتا ہے ساتھ ہی ساتھ اس طریقے کار کے ذریعے میں نے دوسری جگہ ایسے کاروبار کی شروعات بھی کی ہے جس سے مجھے کافی نفع ہوتا ہے جو ایک بہتر زندگی گزارنے کے لیے کافی ہے_ اس کے بعد اس نے کچھ باتیں کاروبار سے متعلق اور بتائیں، ان میں سے تین باتیں ایسی ہیں جو واقعی اس شخص کے لیے مفید ہیں جو تجارت یا کاروبار کے میدان میں آنا چاہتا ہو جس سے ایک معیاری اور بہتر زندگی گزاری جا سکے
(١) کوئی بھی شخص جس چیز کی تجارت یا کاروبار کرنا چاہتا ہے اس کاروبار یا تجارت سے پہلے مارکیٹ کی ضروریات کا علم ہونا ضروری ہے اس کے لیے کچھ عرصہ مارکیٹ میں گزارے جیسے کہ اگر کپڑوں کا کاروبار کرنا چاہتا ہے تو پہلے کپڑوں کی دکان پر شاگردی اور اٹھک بیٹھک کو لازمی کرلے
اس سے فائدہ یہ ہوگا کہ خریداروں کی ضرورت کا اندازہ لگ جائے گا، لوگوں کے ساتھ معاملات کرنے کا طریقہ بھی معلوم ہوجاتا ہے جس سے منافع اور انویسٹمنٹ کا فرق معلوم ہوجاتا ہے نیز مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ کا تجربہ بھی ہوجاتا ہے_ان سارے تجربات و معلومات کی روشنی میں اگر کوئی اپنا کاروبار شروع کرنا چاہے تو اس سے ایک اچھا کاروبار شروع ہوسکتا ہے
(٢) جب ایک اچھے اور چھوٹے سے کاروبار کی شروعات ہوجائے تو سب سے پہلے یہ امر پیش نظر رہے کہ اگر کوئی خریدار ریٹ یا قیمت میں کمی کا طلب گار ہو تو خالی ہاتھ لوٹانے سے بہتر ہے کہ مناسب نفع پر راضی ہوجایا جائے، اس سے یہ فائدہ ہوگا کہ وہ دوبارہ متاثر ہوکر واپس خریداری کے لیے آئے گا اس سے آپ کی تجارت میں ہی میں اضافہ ہوگا
(٣) دورانِ تجارت گاہکوں کا حسنِ اخلاق سے استقبال کریں اور خندہ پیشانی سے آنے والے کو ترو تازہ کریں اس انداز سے گاہگ مانوس ہوگا جس سے ایک محبت بھرا ماحول بن کر ابھرے گا جس سے وہ آپ کو اہمیت بھی دے گا جو کسی فائدے سے کم نہیں ہے_
یہ سب باتیں اس شخص کی جو واقعی مجھے مفید لگی_ کسبِ معاش کے سلسلہ میں اگر کوئی شخص ان مذکورہ عوامل پر عمل در آمد کرے تو امیدِ قوی ہے کہ اس سے ایک بہتر معیاری تجارت کی شروعات ہوسکتی ہے جس سے ایک اچھی زندگی گزاری جا سکتی ہے مگر یہ بات ہمیشہ ملحوظ خاطر رہے کہ تجارت تاجر کو حقوق اللہ سے غافل نہ کردے اور کوئی بھی معاملہ خلافِ شریعت طے نہ ہو
نفس کی ہوس زیادہ پیسے کی لالچ بالکل نہ ہوں_ اللہ پر. بھروسہ رکھیں جو رزق آپ کے حصے کا ہے وہ آپ کو مل کر رہے گا جو نہیں ہے وہ جھوٹی قسمیں کھانے اور دھوکہ دہی سے بھی نہیں ملنے والا، اس لیے رزق حلال کے لیے دعائیں کرنی چاہیے اور اسی کی کوشش کرنی چاہیے، اللہ پاک اسی میں برکت دے گا، اسی سے خیر کی امید ہے،
از قلم: سبطین رضا محشر مصباحی
اسلامک اسکالر البرکات علی گڑھ