لہولہوکیوں ہے
از: واصف رضاواصف
جری ،شجاع، دلاور لہولہو کیوں ہے؟
وفا وعزم کا پیکر لہو لہو کیوں ہے؟
عجیب ہوک سی اٹھتی ہے سوچ کر دل میں
کہ کم سنی میں ہی اصغر لہولہوکیوں ہے؟
یہ کس کےخون کےچھینٹے اڑےہیں کربل سے؟
"افق پہ شام کا منظر لہو لہو کیوں ہے”؟
یہ کس کے تیغ ستم نے شہید کرڈالا؟
رہ وفا کا سکندر لہو لہو کیوں ہے ؟
چہار سمت جہاں میں سکوت طاری ہے
جبین دہر کا جھومر لہو لہو کیوں ہے؟
یہ کس کی تشنہ لبی کا تجھے لگا صدمہ
فرات تیرا مقدر لہو لہو کیوں ہے ؟
شکست فاش ہوئی کیایزیدی جتھے کو؟
برہنہ تیغ یہ خنجر لہو لہو کیوں ہے؟
وہ جس کے خون سےنکھرا ہے گلشن اسلام
اسی کاجنگ میں لشکر لہو لہو کیوں ہے؟
یہ چیخ چیخ کے کہتا ہے قلبِ شوریدہ
دیارِ عشق کا منظر لہو لہو کیوں ہے؟
بہت قریب یہاں سےہے دس محرم کیا
قمر کا روئے منور لہو لہو کیوں ہے؟
یہ کیاہوا کہ قلم میں بھی آب وتاب نہیں
خیال وفکر کا دفتر لہو لہو کیوں ہے؟
اے طائر رہ الفت ذرا بتا مجھ کو
یہ کیاہواہے؟ترا پر لہو لہو کیوں ہے؟
یہ کس کے کرب میں ڈوبےہیں خامہ و قرطاس؟
ہمارے لفظ کا گوہر لہو لہو کیوں ہے؟
یہ کس نے شاخ چمن نوچ لی ہے اے واصف
شباب میں یہ گل تر لہو لہو کیوں ہے؟