در مدح بلال حبشیؓ
از: واصف رضا واصف
ہیں رشک صاحب حسن وجمال پیارے بلال
شرف مآب عدیم المثال پیارے بلال
حیات ان کی مرنجاں مرنج ہےلاریب
کرم نواز ،سخی ،خوش خصال پیارےبلال
کتاب زہدوورع کے حسین باب ہیں وہ
سماےعشق کےکامل ہلال پیارےبلال
سنان ظلم چلایاہے جب امیہ نے
حلیف ٹھہری ہےالفت کی ڈھال پیارے بلال
نبی کے قرب نے ایسا عروج بخشاہے
کہ دور دور ہے تم سےزوال پیارے بلال
رداےِ رحمت عالم میں آکے لی ہے پناہ
ہوئے ہیں جب بھی غموں سے نڈھال پیارے بلال
شرف موذن اول کاہے انھیں حاصل
نگاہ شاہ میں تھے باکمال پیارے بلال
تمھارا ذکر ہے وجہ مسرت و راحت
تمھاری یادہے دفع ملال پیارے بلال
حصار غم سے نکالیں امان میں لے لیں
نشاط بخش ہوہر ماہ وسال پیارےبلال
عمیق تر ہے تری ہجرت و فراق کا زخم
عطاہو مرہم قرب و وصال پیارے بلال
عیاں ہے شمس منور سا آپ پر ہردم
تمہارے واصف خستہ کا حال پیارے بلال
رشحات قلم:واصف رضا واصف
مدھوبنی بہار