دبستان رام پور کی تفسیری خدمات
محمد سلیم انصاری ادروی
مفتی ارشاد حسین مجددی فاروقی رام پوری علیہ الرحمہ بانی مدرسہ ارشاد العلوم رام پور (۱۲۴۸ھ – ۱۳۱۱ھ) بلند پایہ مفسر، محدث، فقیہ، مدرس، مصنف اور اکابرین اہل سنت سے تھے۔ انتصار الحق، فتاویٰ ارشادیہ اور ارشاد الصرف آپ کی تصانیف ہیں۔ امام احمد رضا محدث بریلوی رحمہ اللہ کی پانچ کتب پر، مولانا وصی احمد محدث سورتی رحمہ اللہ کی کتاب "جامع الشواہد” پر، مولانا عبد السمیع سہارن پوری رحمہ اللہ کی کتاب "انوار ساطعہ” پر اور مولانا عبد الغفار لکھنوی رحمہ اللہ کی کتاب "ابطال اغلاط قاسمیہ” پر آپ نے تقاریظ بھی رقم فرمائیں۔ مفتی ارشاد ہر جمعہ کو بعد نماز جمعہ عصر کے قریب تک اپنی مسجد میں قرآن کریم کی تفسیر بہ قدر ایک رکوع، اسرار و نكات کے ساتھ بیان فرماتے تھے، اس طرح ۳۰ سال میں دو مرتبہ قرآن کریم کی تفسیر اول تا آخر ختم ہوئی۔ (مولانا ارشاد حسین مجددی رام پوری / ص: ۱۱-۳۲) مفتی ارشاد کی تصانیف میں مستقل کوئی تفسیر موجود نہیں، البتہ ان کے متعدد تلامذہ نے تفسیری خدمات انجام دیں، جن میں سے چند یہ ہیں:
● تفسیر میزان الادیان: اس کے مصنف سید دیدار علی شاہ محدث الوری رحمہ اللہ (بانی دارالعلوم حزب الاحناف لاہور) ہیں۔ یہ تفسیر تقابل ادیان پر بڑی مبسوط بحث پر مشتمل ہے۔ جو کہ مقدمہ اور تفسیر سورۂ فاتحہ ہے۔ یہ تفسیر دو جلدوں میں مکتبہ اعلیٰ حضرت لاہور سے شائع ہوئی۔ (برصغیر کے سنی مفسرین کی تفسیری خدمات / ص: 2)
● تفسیر قرآن: بہ قول مصنف تذکرہ علماے اہل سنت مولانا محمود احمد قادری رحمہ اللہ (سابق مدرس مدرسہ احسن المدارس کان پور) مولانا سلامت اللہ اعظمی ثم رام پوری رحمہ اللہ (سابق مدرس مدرسہ ارشاد العلوم رام پور) نے قرآن کریم کی اردو تفسیر لکھی، جو مولانا عاشق الرحمن رحمہ اللہ (سابق صدر مدرس جامعہ حبیبیہ الہ آباد) کے پاس ہے۔ (تذکرہ علماے اہل سنت / ص: ۹۷)
● تفسیر سورۂ یوسف: مولانا علی عباس خاں رام پوری رحمہ اللہ نے سورۂ یوسف کی غیر منقوط عربی تفسیر لکھی۔ (مولانا ارشاد حسین مجددی رام پوری / ص: ۳۰)
● زلالین : یہ جلالین کا مشہور و معروف حاشیہ ہے۔ جسے مولانا ریاست علی شاہ جہاں پوری نقشبندی رحمہ اللہ نے لکھا۔ دیابنہ اس میں کچھ حواشی کا اضافہ کر کے مولانا ریاست علی اور "زلالین” کا نام حذف کر کے اسے "جلالین کلاں” کے نام سے شائع کرتے ہیں۔ (حاشیہ جلالین کلاں کس کا ہے؟ – مضمون) جامعہ اشرفیہ مبارک پور کے اشاعتی ادارہ مجلس برکات سے جو جلالین شائع ہوئی ہے، اس کے ٹائٹل پیج پر لکھا ہے کہ "مع الحواشی الجلیلة النافعة لبعض تلامیذ المفتی ارشاد حسین المجددی الرامفوری”۔ یہ "زلالین” ہی کا جدید ایڈیشن لگتا ہے۔