اللہ کی مرضی کے ہوں اعمال نئے سال
نیا سال – – –
ایسے میں جبکہ دشمنان دیں ہمارا وجود مٹانے پر تُلے ہوئے ہیں اور حالات بد سے بدتر ہوتے جارہے ہیں، کچھ مسلمان نئے سال کے جشن کی تیاری میں لگے ہیں، میرے پاس بھی کئ لوگوں نے ہیپّی نیو ائیر لکھ کر بھیجا ہے، اگرچہ مبارکباد دینے میں کوئ مضائقہ نہیں، مگر حالات پر نظر رکھ کر اس سے نمٹنے کی حکمت عملی اپنانے پر زور رہنا چاہیے، ایک طرف مسجدوں، مدرسوں پر حملے ہورہے ہیں، مسلمانوں کا خون بہایا جارہا ہے مگر اب بھی ہماری قوم کے بہت سے افراد غفلت و عیش پرستی میں ہیں، دعا ہے کہ اللہ تعالی ہردل میں بیداری عطافرمائے اورمتحدہوکرجرأت و ہمت سے باطل کے مقابلے کی توفیق ہو، آمین
°°°°°°°°
ہرگز نہ کوئی ساز، نہ سُر، تال، نئے سال
اللہ کی مرضی کے ہوں اعمال نئے سال
یکجائ کا مینار ، مسلماں کریں تعمیر
رب اونچا کرے پرچمِ اقبال نئے سال
کمیاں جو رہیں گزرے ہوئے سال ہماری
آئندہ نہ دہرائیں کسی حال، نئے سال
اچھائ ہی کام آئے گی اول ہو کہ آخر
نیکی ہے مصیبت کے لیے ڈھال نئے سال
گزرے ہوئے سالوں میں جو دُکھ درد ملے ہیں
یا رب نہ ہوں اب ہم پہ وہ اِشکال نئے سال
یہ ظالم و جابر جو حکومت ہے، بدل جائے
ہو ملک میں اب حاکمِ خوش فال نئے سال
ہم ایسی نگہبانی کریں دین و وطن کی
ناکام ہو دشمن کی ہر اک چال نیے سال
ہر غافل و خوابیدہ کی فطرت کو جگا کر
ہم سب ہوں مزید اور بھی فَعّال نئے سال
یوں گلشنِ ملت کے تحفظ میں لگیں ہم
قربان کریں جان و زر و مال نئے سال
یا رب جوترے دیں کومٹانے پہ تُلے ہیں
اُن پر ہو ترے قہر کا اِرسال نئے سال
ہستی کے شجر پر نہ خزاؤں کا اثر ہو
شاداب رہےاُسکی ہراک ڈال نئے سال
ہر ایک برس کے لیے ہیں میری دعائیں
اک سال ہی کیا ! خیرہو ہرسال نئے سال
آمین کہیں مل کے سبھی میری دعا پر
ہرایک برائ کا مٹے حال نئے سال
لکھتا رہے ملت کی حمایت میں فریدؔی
یارب ہوقلم اور بھی سَیّال نئے سال
°°°°°°
سُر تال، ساز و آواز
اِشکال، دشواری
خوش فال.. اچھے شگون والا
فَعّال،متحرک،تیزی سے کام کرنےوالا
ارسال، بھیجنا
قلمِ سَیّال ، پانی جیسی روانی سے چلنے والا قلم
°°°°°°°°°°
فریدی صدیقی مصباحی مسقط عمان